/

اداکارہ کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کی ’روکا‘ کی رسم ہوگئی۔

بولی وڈ باربی ڈال کہلائی جانے والی اداکارہ کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کی ’روکا‘ کی رسم ہوگئی۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ’روکا‘ کی رسم ہندو مذہب کے پیروکار شادی سے قبل ادا کرتے ہیں، مذکورہ رسم کو بعض افراد رسمی منگنی کا نام بھی دیتے ہیں۔
تاہم زیادہ تر افراد ’روکا‘ کی رسم کو شادی کے لیے دولہا اور دلہن سمیت ان کے اہل خانہ کی باہمی رضامندی کے لیے ہونے والی ملاقات کو کہتے ہیں۔
’انڈیا ٹوڈے‘ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی ’روکا‘ کی رسم فلم ساز کبیر خان کے گھر میں ہوئی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ’روکا‘ کی رسم میں دونوں اداکاروں سمیت ان کے اہل خانہ اور قریبی افراد نے شرکت کی اور میڈیا سے بات کو خفیہ رکھنے کے لیے رسم کو دیوالی کے موقع پر ادا کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ رسم میں دولہا اور دلہن کی شادی سے متعلق باہمی رضامندی کے معاملات طے کیے جاتے ہیں۔
ویب سائٹ نے دعویٰ کیا کہ ’روکا‘ کی رسم کے بعد اب دونوں اداکار آئندہ ماہ دسمبر میں ریاست راجستھان میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں نے اپنی آنے والی فلموں کی شوٹنگ کی وجہ سے ہنی مون نہ منانے کا فیصلہ بھی کیا ہے اور شادی کے فوری بعد دونوں شوٹنگ پر چلے جائیں گے۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ تاحال وکی کوشل اور کترینہ کیف نے شادی سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا اور نہ ہی انہوں نے کسی کو شادی کے دعوت نامے بھجوائے ہیں، تاہم اس کے باوجود دعویٰ کیا گیا کہ دونوں دسمبر میں شادی کریں گے۔