لاہور جدت ویب ڈیسک پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق سمجھتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹر حالیہ دنوں میں بہت زیادہ کرکٹ پاکستانی ٹیم کے بجائے دوسری جگہوں پر کھیلتے رہے ہیں جسے کنٹرول کر کے ان کی کارکردگی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔انضمام الحق کا اشارہ دنیا کے مختلف حصوں میں کھیلی جانے والی کرکٹ لیگز کی طرف ہے جس میں پاکستانی کرکٹر باقاعدگی سے حصہ لیتے رہے ہیں۔انضمام الحق کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹروں کی کارکردگی بہتر کرنے کے لیے ان کی کرکٹ کو کنٹرول کرنا ہو گا کیونکہ یہ کرکٹر پاکستان سے زیادہ دوسری جگہوں پر کافی کرکٹ کھیلے ہیں جس سے خصوصا بولروں کی توانائی میں فرق آیا ہے۔انضمام الحق نے فاسٹ بولرز عثمان شنواری اور جنید خان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ فٹ ہوتے تو نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز میں موثر ثابت ہو سکتے تھے۔انضمام الحق کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستانی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کے خطرے سے دوچار ہے اور چار میچوں میں مسلسل شکست کے بعد وہ آخری ون ڈے جمعے کو ویلنگٹن میں کھیلنے والی ہے۔انضمام الحق کی پاکستانی کرکٹروں کی متواتر ٹی 20 لیگز میں شرکت پر فکرمندی اپنی جگہ اہم ہے، لیکن دوسری جانب خود پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے کرکٹروں کو غیرملکی لیگز میں شرکت کی اجازت دے رہا ہے۔ یہاں تک کہ اس نے شارجہ میں ہونے والی ٹی 10 لیگ میں بھی اپنے تمام کرکٹروں کو کھیلنے کی اجازت دے دی تھی جس کے عوض اسے چار لاکھ ڈالرز ادا کیے گئے تھے۔