//

بھارت مقبوضہ کشمیر کی المناک داستان کو پوشیدہ رکھنا چاہتا ہے، وزیرخارجہ

Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد:جدت ویب ڈیسک : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی المناک داستان کو پوشیدہ رکھنا چاہتا ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان میں اقلیتوں کے ساتھ، بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ جو سلوک برتا جا رہا ہے اس پر بے حد تشویش ہے، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جس طرح انسانی حقوق کی پامالیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، ایک المناک داستان ہے جسے بھارت پوشیدہ رکھنا چاہتا ہے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے جب بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو منظرِعام پر لانا چاہا تو انہیں اتنا مجبور کیا گیا کہ انہیں بھارت میں اپنے دفاتر بند کرنا پڑے، ان کے اکانٹس منجمد کردیے گئے، ان کا قصور صرف اتنا تھا کہ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کے ظلم و ستم کو بے نقاب کیا. دہلی میں ہونے والے حالیہ فسادات میں پولیس کے گٹھ جوڑ اور پشت پناہی کا پردہ چاک کیا. یہی دو چیزیں بھارت کو ناگوار گزریں اور انہوں نے حیلوں بہانوں سے غیر قانونی سرگرمیوں کے انسدادی ایکٹ 2019 کی آڑ میں ان پر بے جا پابندیاں لگانا شروع کر دیں۔