فرانس میں باحجاب مسلم خواتین پر خنجرکے وار کرنے والی حملہ آور گرفتار

Attack on Muslims Womans at Paris

پیرس:جدت ویب ڈیسک : ایفل ٹاور کے نزدیک باحجاب مسلم خواتین کو خنجر کے وار کرکے بری طرح زخمی کرنے والی دو فرانسیسی عورتوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں ملزم خواتین نے نشے کی حالت میں ایفل ٹاور کے نزدیک اپنیاہل خانہ کے ساتھ پارک میں موجود مسلمان خواتین اور بچوں پر نسل پرستانہ فقرے کسے۔ ان میں سے ایک ملزمہ نے اپنے کتے سے مسلم خاندان کو خوف زدہ کیا، جس کے بعد تلخ کلامی شروع ہوئی اور اسی دوران میں ایک ملزمہ طیش میں آکر 19 اور 40 سالہ دو مسلم خواتین پر خنجر سے حملہ آور ہوگئی۔ 40 سالہ مسلم خاتون پر چھ خنجر کے وار کیے گئے جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی اور اس کے پھیپھڑے بھی متاثر ہوئے۔ دوسری متاثرہ خاتون پر خنجر کے تین وار کیے گئے۔ تاحال دونوں خواتین کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔ متاثرہ خواتین کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں فرانسیسی عورتیں نے انہیں ڈرٹی عرب (غلیظ عرب) کہا اور وہ بار بار کہہ رہی تھیں کہ یہ(فرانس تمہارا گھر نہیں۔اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر براہ راست مسلم مخالف حملے کے حوالے سے فرانسیسی میڈیا کی خاموشی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ قانونی ذرائع کے مطابق اس مقدمے میں مرکزی ملزمہ کو حفاظتی تحویل میں رکھا گیا ہے تاہم اس کی دوست کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔