لوڈ شیڈنگ کا بحران موجودہ حکومت نے ختم کیا، مریم نواز

Maryam Nawaz PMLN Pakistan

لاہور جدت ویب ڈیسک پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پہچان ہے ، سیاسی مخالفین کی جانب سے رکاوٹیں ڈالے جانے کے باوجود عوام کی خدمت میں تعطل نہیں آنے دیں گے ،کارکن پارٹی کا اثاثہ اور طاقت ہیں انہیں ہر سطح پر عزت دی ہے اور آئندہ بھی دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے شمس بیگ کی قیادت میں آنے والے حلقہ این اے 120 کی یونین کونسل 69کے بلدیاتی نمائندوں اور پارٹی کارکنوںسے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد نے مریم نواز کو مسائل کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا جنہیں جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2013ءمیں حکومت میں آنے کے بعد (ن) لیگ کی حکومت نے عوام کے مسائل حل کرنے کےلئے دن رات کام کیا ہے ۔ لوڈ شیڈنگ کا بحران موجودہ حکومت نے ختم کیا جبکہ دہشتگردی کے عفریت سے بھی نمٹا گیا ہے اور ملک میں امن و امان بحال ہو رہا ہے۔ انہوںنے کارکنوں کو ہدایت کہ وہ منظم ہوں اور آنے والے انتخابات میںفعال کردار ادا کرنے کےلئے تیاریاں کی جائیں۔ انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ جلد یونین کونسل 69کا دورہ کروں گی اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لوں گی۔ علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری نے بھی مریم نواز سے ملاقات کی جس میں سیاسی اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.