وزیراعظم محمد نواز شریف مالدیپ کے تین روزہ سرکاری دورہ پر روانہ

اسلام آبادجدت ویب ڈیسکوزیراعظم محمد نواز شریف منگل کو مالدیپ کے تین روزہ سرکاری دورہ پر روانہ ہو گئے، وہ 26 جولائی کو مالدیپ کے 52 ویں یوم آزادی کی تقریبات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کے لئے صدر عبداﷲ یامین عبدالقیوم کی دعوت پر 25 سے 27 جولائی تک جمہوریہ مالدیپ کا سرکاری دورہ کررہے ہیں، بیگم کلثوم نواز، وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز، سینیٹر پرویز رشید اور اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ ہیں۔دورے کے دوران وزیراعظم محمد نواز شریف مالدیپ کے صدر کے ساتھ باضابطہ مذاکرات بھی کریں گے جبکہ اس موقع پر مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے کئی مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ مالدیپ کے ساتھ سفارتی تعلقات 26 جولائی 1966ئ کو استوار ہوئے تھے جو وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک باہمی اہمیت کے امور پر علاقائی اور بین الاقوامی فورموں پر ایک دوسرے کے ساتھ قریبی معاونت کرتے ہیں۔ پاک مالدیپ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی اور پرجوش تعلقات سے عبارت ہیں۔ وزیراعظم کے دورہ سے سیاسی، تجارتی، اقتصادی، دفاعی، سیاحتی، تعلیمی اور عوامی سطح پر روابط سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ یہ دورہ خطے کے ممالک کے ساتھ فعال تعلقات کی ہماری پالیسی سے ہم آہنگ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.