وفاق کراچی کیساتھ سوتیلی ماں سے بدتر سلوک کر رہا ہے،وسیم اختر

Mayor Karachi

کراچی جدت ویب ڈیسک میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ اسلام آباد،کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں سے بھی بدتر سلوک کر رہا ہے،اربوں روپے ریونیو دینے والے شہر پر لاکھوں روپے بھی خرچ نہیں کئے جا رہے،حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کے بنیادی مسائل حل کریں، اورنگی ٹائون کے مختلف علاقوں میں فراہمی آب کے مسائل حل کرنے کے لئے بھرپور کوشش کریں گے،سڑکیں ، پانی، سیوریج اور دیگر بلدیاتی سہولیات شہریوں کا بنیادی حق ہے، شہریوں نے ہمیںمنتخب کیا ہے اور ان کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی شام یوسی22 فقیر کالونی مسلم آباد میں سڑک کی تعمیر کا افتتاح اور اورنگی ٹائون کے مختلف علاقوںکے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ممتاز مذہبی رہنما قاری عثمان، مولانا عمر صادق ، یوسی چیئرمین اکبر شاہ ہاشمی ،حیدر شاہ اور منتخب نمائندوں کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔میئر کراچی نے کہا کہ یہ شہر پورے ملک کو چلاتا ہے لیکن بدقسمتی سے یہ شہر بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہوگیا ہے،شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے سے پہلے حکومتوں کو اس بارے میں سنجیدگی سے سوچنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ تمام تر رکاوٹوں اور مسائل کے باوجود کراچی کے ہر حصے میں ترقیاتی کام کرانا چاہتے ہیں اور نیک نیتی کے ساتھ لوگوں کی خدمت کرنے کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں انہوں نے کہا کہ مسلم آباد میں سڑک کی تعمیر ایک دیرینہ مسئلہ تھا جس کی وجہ سے علاقے کے عوام کو شدید دشواریوں کا سامنا تھا تاہم اب اس سڑک کی تعمیر سے لوگوں کو سہولت ملے گی اور آمدورفت میں آسانی ہوگی، انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ، منتخب نمائندے اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور جہاں جہاں بھی ممکن ہے ترقیاتی کام کرائے جا رہے ہیں ، صرف اندرون شہر ہی نہیں بلکہ کراچی کے مضافاتی علاقوں کو بھی یکساں ترقی دی جائے گی تاکہ وہاں رہنے والے لوگوں کو بھی شہری علاقوں کے مساوی سہولیات میسر آسکیں، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ پانی و سیوریج اور سڑکوں کا نظام بہتر بنائے بغیر ترقی کا تصور ممکن نہیں لہٰذا ارباب اختیار کو ان شعبوں پر خصوصی توجہ دینی چاہئے اور کراچی کو اس کے جائز حق سے محروم نہیں کرنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ اورنگی ٹائون ان علاقوں میں شامل ہے جہاں پانی کی کمیابی کا مسئلہ طویل عرصے سے چلا آرہا ہے ماضی میں اس سلسلے میں چند ایک کوششیں ضرور ہوئیںتاہم اب بھی اورنگی ٹائون کا وسیع علاقہ فراہمی آب کے مسائل سے دوچار ہے اور سڑکوں کی حالت انتہائی ابتر ہوچکی ہے اس کے علاوہ جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور سیوریج لائنوں سے رسائو کی وجہ سے گندگی اور بیماریاں پھیل رہی ہیں جس پر فوری قابو پانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ اورنگی ٹائون کے لوگ ہم سے توقع کرتے ہیں کہ ان کے مسائل جلد از جلد حل ہوں ، امید ہے کہ اورنگی ٹائون کے منتخب نمائندے اپنے علاقے میں ترقیاتی کاموں کی تیزی سے تکمیل پر مکمل توجہ دیں گے اور شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لاتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم سب کا ایک ہی مقصد ہے اور وہ شہریوں کی بہتر سے بہتر خدمت ہے، شہریوں کی خدمت کا یہ سفر تمام مسائل کے حل تک جاری رہے گا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.