میلبورن جدت ویب ڈیسک ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے ٹینس اسٹار کیرولین وزنیاکی نے آسٹریلین اوپن ویمنزکے فائنل میں سیمونا ہیلپ کو شکست دے کر گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والی ڈنمارک کی پہلی کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔کیرولین وزنیاکی نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد رومانیہ سے تعلق رکھنے والی اسٹار سیمونا ہیلپ کو 7-6، (7-2) 3-6، اور 6-4 سے شکست دے دی۔کیرولین نے اپنے کیریئر میں پہلا گرینڈ سلم ٹائٹل اپنے نام کر کے نئے سیزن کا آغاز شاندار انداز میں کیا۔انھوں نے کہا کہ گرینڈ سلیم جیتنا دیرینہ خواب تھا اور اس خواب کی تعبیر ملنے پر میں جذباتی ہو رہی ہوں اور اس لمحے کو ہمیشہ یاد رکھوں گی۔انھوں نے کہا کہ اس کامیابی تک پہنچنے کے لیے میرے والد نے پورے کیریئر کے دوران بہت تعاون کیا اور انھی کی بدولت آج اس مقام پر پہنچی ہوں جس پر ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔آسٹریلین اوپن چمپئن کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی کوشش کروں گی کہ عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید کامیابیاں اپنے نام کرلوں۔کیرولین نے اس شاندار فتح کے بعد آسٹریلین اوپن کے ساتھ ساتھ سیمونا ہیلپ سے خواتین کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن بھی چھین لی۔