گرین شرٹس نے خواب غفلت سے جاگ کر انتقام کی ٹھان لی

Pakistan Cricket Team
Pakistan Cricket Team

لاہور: جدت ویب ڈیسک :گرین شرٹس نے خواب غفلت سے جاگ کرانتقام کی ٹھان لی، زمبابوے سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی میں ہوگا۔ون ڈے سیریز میں زمبابوین ٹیم نے توقعات سے زیادہ مزاحمت کرتے ہوئے پاکستان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، پہلا میچ جیتنے کی پوزیشن میں ہونے کے باوجود ہارنے کے بعد بلند حوصلہ مہمان سائیڈ نے تیسرے مقابلے میں بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے اپ سیٹ کیا،اس فتح کا اعتماد لیے میدان میں اترنے والی زمبابوین ٹیم اب ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی حیران کرنے کی کوشش کرے گی۔ عالمی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود گرین شرٹس کی ساکھ داو پر لگی ہے جبکہ 11ویں پوزیشن کے حامل زمبابوے کے پاس گنوانے کو کچھ نہیں،پاکستان مینجمنٹ کے لیے سب سے بڑی مشکل درست کمبی نیشن کا انتخاب ہے۔ نائب کپتان شاداب خان انجری کی وجہ سے دستیاب نہیں، دورہ انگلینڈ کے آخری ٹی ٹوئنٹی میں پلیئنگ الیون کا حصہ بننے والے شعیب ملک کو سیریز کیلیے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، ٹاپ آرڈر میں فخرزمان اچھی فارم میں نہیں، دیکھنا ہوگاکہ مینجمنٹ عبداللہ شفیق کو ڈیبیو کا موقع دینے کا خطرہ مول لیتی ہے یا نہیں، بابر اعظم کو قیادت کے ساتھ بطور اوپنر بیٹنگ کا بوجھ بھی اٹھانا ہوگا۔ مڈل آرڈر میں حیدر علی اچھی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، انگلینڈ میں بھرپور فارم کا مظاہرہ کرنے والے محمد حفیظ بیٹنگ میں استحکام کی علامت ہوں گے،شعیب ملک کا خلا پر کرنے کے لیے خوشدل شاہ مضبوط امیدوار ہیں،مصباح الحق کے فیورٹ افتخار احمد کو بھی موقع دیے جانے کا امکان ہے،انگلینڈ میں آخری میچ سرفراز احمد نے کھیلا تھا، ان کی جگہ سنبھالنے والے محمد رضوان ون ڈے سیریز میں ناکامیوں کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں گے۔