آج خطے اور دنیا میں جوہری ہتھیاروں کی نئی دوڑ شروع ہو گئی ہے،ایران

نیویارک جدت ویب ڈیسک ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکی رویے اور خلاف ورزیوں کی وجہ سے آج خطے اور دنیا میں جوہری ہتھیاروں کی نئی دوڑ شروع ہو گئی ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں عالمی یوم ترک اسلحہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جوہری اسلحہ گوداموں کو جدید اور دوسروں کی نسبت طاقتور بنانے پر امریکی رویے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ امریکا کی وجہ سے آج جوہری ہتھیاروں کی دوڑ نئی شکل اختیار کر گئی ہے جس کو عالمی برادری ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ امریکا ترک اسلحہ معاہدے کے شفافانہ نفاذ کے بجائے اپنی جوہری تنصیبات کو مزید فروغ دے رہا ہے جس سے عالمی امن کی صورتحال مزید متاثر ہوگی۔انہوں نے ترک اسلحہ معاہدے کے لیے ایران کی حمایت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے دوسرے ممالک کے برعکس ایران کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ نہ فقط این پی ٹی کیلئے نقصان دہ نہیں بلکہ اس کے استحکام کا باعث بنے گا۔سید عباس عراقچی نے کہا کہ این پی ٹی کا اصل مقصد و ہدف دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک بنانا ہے اور اسرائیل کو اس معاہدے میں شامل ہونا چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.