/

تحریک انصاف کے اکرام اللہ خان گنڈا پور خودکش حملے میں شہید ہوگئے

ڈی آئی خا ن جدت ویب ڈیسک ::: تحریک انصاف کے صوبائی نشست کے لیے امیدوار اور سابق صوبائی وزیر اکرام اللہ خان گنڈا پور خودکش حملے میں شہید ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان نعمان افضل آفریدی نےبات کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں خودکش حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پی ٹی آئی امیدوار سردار اکرام اللہ خان گنڈا پور طبی امداد کے دوران چل بسے۔کلاچی خود کش حملے کے مزید تین زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے جب کہ اکرام اللہ گنڈاپور کے ڈرائیور کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ کلاچی دھماکے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ پر حصار بناتے ہوئے وہاں کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔عینی شاہد کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ پر ایک انسانی سر اور ٹانگیں بھی موجود ہیں۔اکرام اللہ گنڈاپور انتخابی مہم کے دوران دہشت گردی کا نشانہ بننے والے تیسرے سیاستدان ہیں، ان سے قبل عوامی نیشنل پارٹی کے ہارون بلور اور بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی خودکش حملوں میں شہید ہوچکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اکرام اللہ گنڈاپور اپنے گھر سے نکلے تھے اور کچھ دوری پر ہی تھے کہ ان کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اکرام اللہ گنڈا پور کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔  یاد رہے کہ اکرام اللہ گنڈا پور صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 99 سے تحریک انصاف کے امیدوار تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.