الیکشن کمیشن کی تشکیل نو بے حد ضروری ہے ،نعیم الحق

اسلام آباد جدت ویب ڈیسک تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی کے چیئرمین عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک محب وطن اور عدالتوں کا احترام کرنے والے لیڈر کے خلاف اقدام قرار دیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کی جانب سے یقین دہانی کرائے جانے کے باوجود اس کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کر کے انتہائی اقدام اٹھایا ہے ہم اس پر احتجاج کرتے ہیں اور اس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے کہ وارنٹ گرفتاری کو منسوخ کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ لاہور کے حلقے این اے 120میں ضمنی انتخاب کے دوران الیکشن کمیشن انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کروانے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے ۔اگر حلقے میں امن و امان کے لئے فوج تعینات نہ ہوتی تو حالات بہت زیادہ خراب ہوتے انہوں نے کہاکہ ضمنی انتخاب میں ٹرن آئوٹ مزید کم رہا ہے جو کہ الیکشن کمیشن کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے پاکستان میں ووٹرز کی اکثریت الیکشن سسٹم پر اعتماد نہیں کر رہی ہے اور پاکستان میں صرف کروڑ پتی ہی قومی اور صوبائی اسمبلی کا انتخاب لڑ سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ انتخابی نظام کو درست کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کی تشکیل نو بے حد ضروری ہے تاکہ شفاف الیکشن کا انعقاد ممکن ہو سکے انہوں نے کہا کہ یہ کیسا ضابطہ اخلاق ہے جس میںایک نااہل شخص کو تو انتخابی مہم چلانے کی مکمل آزادی ہو جبکہ پارٹی کے سربراہ پر پابندی عائد ہو انہوں نے کہاکہ جوڈیشل کمیشن کی جانب سے انتخابی نظام میں جن 40 خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی اس کو ابھی تک دور نہیں کیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے قوانین کے تحت ایک قاتل بھی ممبر اسمبلی بن سکتا ہے جو کہ جہوریت کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے انہوں نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ انتخابی نظام کی بہتری کے لئے اور ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے مل بیٹھ کر سفارشات تیار کی جائیں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.