//

فیاض الحسن چوہان نے محکمہ جیل خانہ جات کا چارج سنبھال لیا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل میں دی جانے والی سہولیات کی تفصیلات طلب

ویب ڈیسک :: فیاض الحسن چوہان نے محکمہ جیل خانہ جات کا چارج سنبھالتے ہی شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل میں دی جانے والی سہولیات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
فیاض الحسن چوہان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کی جیلوں سے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ تمام قیدیوں کو یکساں اور بہترین سہولیات فراہم کرنا میرا مشن ہے۔ کسی بھی قیدی سے امتیازی سلوک کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے فیاض الحسن چوہان کیلئے نئی ذمہ داریاں تغویض کرتے ہوئے انھیں صوبائی وزیر جیل خانہ جات بنا دیا ہے۔
اس سلسلے میں ان کی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اہم ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ نئی وزارت کی ذمہ داریوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ فیاض چوہان نے ذمہ داریاں مزید احسن انداز سے سرانجام دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ فیاض الحسن چوہان کے پاس وزارت کالونیز کا بھی قلمدان ہے۔