اسرائیل کا دمشق ایئر پورٹ پرحملہ،کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں

دمشق جدت ویب ڈیسک :اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے شام کے دارالحکومت دمشق کے ایئر پورٹ پر راکٹ فائر کیے ہیں۔ لبنانی ٹی وی سٹیشن المیادین نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ راکٹ شامی سرحد کے قریب سے داغے گئے ہیں، ٹی وی نے اس حملے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کی خاتون ترجمان نے اس خبر پر تبصرہ نہیں کیا اور کہا ہے کہ وہ اس طرح کی رپورٹس پر جواب نہیں دیتے۔برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق اسرائیل کی جانب سے یہ حملہ شامی صدر بشارالاسد کی حمایت میں لڑنے والی لبنانی جنگجو تنظیم حزب اللہ کے کارندوں کو نشانہ بنانے کیلئے کیا گیا۔اسرائیل کی جانب سے 2 راکٹ داغے گئے جن میں سے ایک نے ایئر پورٹ پر موجود اسلحہ ڈپو یا حزب اللہ کے جنگجوئوں کے قافلے کو نشانہ بنایا۔خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی اسرائیل نے شامی صوبے ہما میں فوجی چھائونی کو نشانہ بنایا تھا، اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس نے گزشتہ پانچ برس میں ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ کے جنگجوئوں کو 100 سے زائد بار نشانہ بنایا ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published.