/

علماومشائخ کی تبلیغ کے سبب سندھ میں مجموعی طورپر ماحول پرامن ہے،سید مرادعلی شاہ

کراچی ( جدت ویب ڈیسک ) مفتی منیب الرحمان کی قیادت میں مفتی محمدجان نعیمی، مولانا ریحان امجد نعمانی اور مولانا نذیر جان نعیمی پر مشتمل علماء اہلسنّت کے نمائندہ وفد نے وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ سے ملاقات کی جس میں مزارات مقدسہ اور مدارس اہلسنّت کو درپیش مسائل پر بات چیت ہوئی۔اس دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے اپنی گفتگومیں علماء کرام ومشائخ عظام کی خدمات کو سراہااور کہاکہ ان کی تبلیغ کے سبب سندھ میں مجموعی طورپر ماحول پرامن اور اخوت کی فضاء قائم ہے،ان شاء اللہ باہمی رابطے کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔اس موقع پروفد نے اس امرپر اطمینان کا اظہارکیاکہ حکومت سندھ ،رینجرزاور قانون نافذکرنے والے دیگر اداروں کی مشترکہ اور مربوط کوششوں سے پوراماہ محرم الحرام پرامن گزرنے میں کامیابی نصیب ہوئی،اس سلسلے میںعلماء ومشائخ اہلسنّت نے بھی بھرپورتعاون کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وعدہ کیاکہ میلادالنبی ﷺ بھی شایان شان طریقے سے منایاجائے گا۔وفد نے وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کو صوبہء سندھ میں بزرگان دین کے مزارات اور مدارس اہلسنّت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے ان مسائل کو حل کرنے کاوعدہ کیا۔وفد نے مطالبہ کیاکہ مزارات مقدسہ سے غیر شرعی رسوم کا خاتمہ کیاجائے،اور مزارات سے حاصل ہونے والی آمدنی دینی تعلیم کے فروغ پر خرچ کی جائے، ان وسائل سے غریب لوگوں کے لئے بحالی کے لئے رفاہی ادارے قائم کئے جائیں،اور اس کے لئے ممتازعلماء ومشائخ اہلسنّت پر مشتمل ایک نگراں بورڈ قائم کیاجائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.