عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں نعمان عبداللہ مراد

کراچی جدت ویب ڈیسک پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غریب و مستحق افراد کا ساتھ دیا ہے اور ہر موقع پر ان کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی اپنے قائد ین کے منشور روٹی، کپڑا اور مکان کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے شروع دن سے کوشاں ہے۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز زکوٰ ۃ و عشر کمیٹی ضلع ملیر کے چیئرمین نعمان عبداللہ مراد نے یوسی گڈاپ میں غریب و مستحق افراد میں چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ عوامی نمائندہ جماعت پیپلز پارٹی اپنے عمل سے ثابت کرتی ہے کہ ہم اپنے سلوگن روٹی ، کپڑا اور مکان کے نعرہ سے پیچھے نہیں ہٹے ۔انھوں نے کہا کہ ہمارے شہید قائدین ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے زندگی بھر یہی نعرہ لگایا کہ پیپلز پارٹی کا منشور روٹی ، کپڑا اور مکان ہے، جسے انھوں نے یقینی بنایا اور انگنت لوگوں کو روزگار فراہم کیا اور ان کی مالی مدد کی جس سے بنیادی سہولیات کا حصول ممکن ہوا۔یہی وجہ ہے کہ ہم تسلسل کے ساتھ غریب و مستحق افراد کی مالی مدد جاری رکھے ہوئے ہیں اور انشاء اللہ تعالیٰ اس سلسلے کو رکنے نہیں دیں گے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ضلع کونسل کے ممبر حاجی منظور بلوچ نے کہا کہ مستحقین کی ہمیشہ سے ہی پاکستان پیپلز پارٹی نے خدمت کی ہے اورہر موقع پر ان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ضلع ملیر کمیٹی کے ممبراور گڈاپ ڈویژن کے چیئرمین عید محمد گبول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زکوٰۃ و عشر کمیٹی کی جانب سے مستحقین میں امدادی چیکس کی تقسیم کا عمل بہت اچھا ہے اوراس سے لوگوں کو مواقع ملتے ہیں کہ وہ اپنی بنیادی ضروریات کو پورا کرسکیں۔ اس موقع پر سینئر کارکن عبدالقادر گبول، زکوٰۃ و عشر کمیٹی یوسی گڈاپ کے چیئرمین علی حسن گبول، وائس چیئرمین محمد علی جوکھیو، سینئر کارکن عالم گوندرہ، سلیمان گوندرہ، احمد گوندرہ اور علی حسن گوندرہ نے بھی مستحق افراد میں زکوٰۃ کے چیکس تقسیم کیئے اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے مشن کو ہمیشہ جاری رکھے گی ۔یہی ہمارا مقصد، ہمارا مشن اور ہمارا منشور ہے۔

 

 

Leave a Reply

Your email address will not be published.