محمد یاسین ملک کا سید عرفان الحسن شہیدکو خراج عقیدت

سرینگرجدت ویب ڈیسک مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے آزادی پسند رہنماء شہید سید عرفان الحسن شاہ کو ان کی شہادت کی برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید پارٹی رہنماء کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچپن سے ہی تحریک آزادی کے متوالوںمیں شامل تھے اورانہوں نے اپنی جوانی وطن عزیز کی آزادی کیلئے سربکف رہتے ہوئے گزارے اور اسی راہ عزیمت میں شہید ہوگئے۔ انہوںنے کہا کہ شہید عرفان الحسن شاہ ایک شریف النفس اور حلیم شخص تھے جن کے لبوں پر ہمیشہ ایک خوبصورت مسکراہٹ سجی رہتی تھی۔ انہوںنے کہاکہ شہید رہنما ء کی جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ۔یاسین ملک نے سانبورہ پاپپور میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں حال ہی میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک عظیم نصب العین کیلئے کشمیری عوام جو جانی و مالی قربانیاں پیش کررہے ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی ۔انہوں نے کہاکہ انہی قربانیوں کی بدولت آج عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حل کو اس پورے خطے کے امن اور استحکام کیلئے ناگزیر سمجھا جارہا ہے۔انہوںنے پلوامہ میں نہتے مظاہرین پر بھارتی فوجیوںکی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال اور بدترین تشدد کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوںنے کہا کہ نہتے کشمیری عوام کے خلاف آئے روز طاقت کا وحشیانہ استعمال بھارتی حکومت اور اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ کے روز مرہ کے فرائض میں شامل ہو گیا ہے اور بھارتی فورسز کی ظلم و زیادتیوں کے خلاف پر امن احتجاج کرنے والے کشمیری عوام پر ظلم و تشدد ڈھانا سرکاری پالیسی کا حصہ بن گیا ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.