پاکستان اور چین مل کر سی پیک کے خلاف سازشیں ناکام بنائیں گے، احسن اقبال

اسلام آباد جدت ویب ڈیسک وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال سے پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے ملاقات جس دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان معلومات کے تبادلے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید خطوط پر پیشہ وارانہ تربیت دینے کے حوالے سے باہمی تعاون پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مثالی تعلقات دو طرفہ خیر سگالی اور اقتصادی و دفاعی تعاون پر استوار ہیں۔وزیر داخلہ نے کہاکہ صوبہ بلوچستان سی پیک کے حوالے سے نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔سیکورٹی حالات کے پیش نظر ایف سی بلوچستان کو شمالی اور جنوبی زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین مل کر دشمنوں کی سی پیک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔انھوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کے دیرینہ تعلقات کی علامت ہے۔چینی سفیر نے سی پیک منصوبوں پر تعینات چینی شہریوں کی سیکورٹی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔انھوں نے پاکستان کی سول آرمڈ فورسز کی پیشہ وارانہ استعداد کو بہتر بنانے کے لئے ہر طرح کا تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.