کاروباری برادری شہباز شریف کی حمایت کرتی ہے‘میاں زاہد حسین

کراچی جدت ویب ڈیسک پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سیکریٹری جنرل اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ کاروباری برادری مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے عبوری وزیر اعظم کیلئے شاہد خاقان عباسی اور مستقل وزیر اعظم کے لئے شہباز شریف کو نامزد کرنے کی حمایت کرتی ہے۔کاروباری برادری کو یقین ہے کہ شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف سابق وزیر اعظم کے ملکی ترقی کے ایجنڈے کو جاری رکھیں گے اور اسے مزید بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔اس عمل کو جتنی جلدی ممکن ہو مکمل کر لیا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار متاثر نہ ہو اور نہ ہی بے یقینی کی کیفیت جنم لے۔میاں زاہد حسین نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ  ن   نے بے مثال ڈسپلن کا مظاہرہ کیا ہے اور جمہوری روایات پر آنچ نہیں آنے دی جس سے اسکا امیج بہتر ہوا ہے۔ امید ہے کہ یہ جماعت مستقبل میں بھی ایسی ہی بالغ نظری کا مظاہرہ کرے گی جس سے ملک کی سیاسی اور معاشی فضائ میں بہتری آئے گی۔انھوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ درست ہے۔انھوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکالا، ان کے دور میںپاک چین دوستی نئی بلندیوں تک پہنچی، اقتصادی راہداری کا منصوبہ شروع ہوا جو ایک معاشی دھماکہ ہے جس نے دشمنوں کی نیندیں اچاٹ کر دی ہیں کیونکہ اس سے پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کا دیرینہ خواب پورا ہو گا۔سی پیک کے خلاف دشمنوں کی کئی سازشیں ناکام بنائی گئیں اور پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں بھی رنگ نہ لا سکیں۔ اس کے علاوہ ایل این جی کی درآمد کے ذریعے نہ صرف توانائی بحران پر کافی حد تک قابو پایا گیا بلکہ اس سے کئی دم توڑتی ہوئی صنعتوں کو نئی زندگی ملی جس سے محاصل اور روزگار میں اضافہ ہوا۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں درجنوں عالمی اداروں نے پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں کی تعریف کی جبکہ دہشت گردی پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا اور پاکستان کی شہہ رگ کراچی کی روشنیاں بحال کی گئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.