///

پی ٹی آئی کنٹونمنٹ انتخابات میں کراچی سے مثالی کامیابی حاصل کرے گی،آفتاب صدیقی

PTI will get ideal victory from Karachi in cantonment elections: Aftab Siddiqui
PTI will get ideal victory from Karachi in cantonment elections: Aftab Siddiqui

کراچی:پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری و رکن قومی اسمبلی آفتاب حسین صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کنٹونمنٹ انتخابات میں کراچی سے مثالی کامیابی حاصل کرے گی۔

ہم بہترین امیدواروں کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے ہیں جو ایماندار، دیانتدار اور عوامی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی دفتر میں کراچی کنٹونمنٹ بورڈ اور کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے امیدواران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی اور دیگر موجود تھے۔ آفتاب صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے کراچی اور سندھ پر حکومت کرنے والی جماعتوں نے کراچی کو ترقی کی طرف لے جانے کے بجائے پستی کی طرف دھکیلا ہے۔

اس وقت سندھ حکومت کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہی ہے۔ ملک کو 70 فیصد سے زائد ریونیو دینے والا شہر ٹوٹی سڑکوں، پینے کے صاف پانی، سیوریج جیسے بنیادی مسائل کا شکار ہے۔

اب تک شہر میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی فنڈ سے کئے جارہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کو کراچی کے مسائل کا ادراک ہے اس لئے شہر کی ترقی پر وفاقی حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

آفتاب صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کنٹونمنٹ بورڈ اس وقت شدید مالی بحران کا شکار ہے۔ کراچی کنٹونمنٹ بورڈ میں جتنا ریونیو جمع ہونا چاہیے وہ نہیں ہو پاتا۔

ہمارے نمائندے کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں کامیابی کے بعد ریونیو کے مسئلے سے نکلنے کے لیے ایک جامعہ پالیسی ترتیب دیں گے اور اس پر عملدرآمد کروائیں تاکہ کنٹونمنٹ کے رہائشیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔

اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی کا کہنا تھا کہ شہر بھر اور خصوصاً کلفٹن اور ڈیفنس کے علاقوں میں پانی کا مسئلہ ایک طویل عرصے سے موجود ہے۔ اس سلسلے میں ہم نے متعدد بار کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور وزیر بلدیات سے رجوع کیا ہے۔

انشاء اللہ ہم کلفٹن کنٹونمنٹ کے انتخابات میں کامیابی کے بعد پانی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کوششیں مزید تیز کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کلفٹن اور کراچی کنٹونمنٹ کے ووٹرز سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ 12 ستمبر کو اپنے گھروں سے نکلیں اور بلے پر مہر لگا کر پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔

عوامی مسائل صرف وہی حل کر سکتے ہیں جنہیں عوامی مسائل کا ادراک ہو اور انہیں حل کرنے کی صلاحیت موجود ہو۔ نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.