#SBCA #KDA کے ڈی اے : ڈی جی ناصر عباس نے راز کھول دیے

کراچی جد ت ویب ڈیسک ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ناصر عباس اور ان کے ساتھ گرفتار افسران کے سنسنی خیز انکشافات کے بعدتحقیقاتی اداروں نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل آغا مقصود عباس اور ان کے من پسند افسران کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ہے اوراس حوالے سے جلد ہی اہم گرفتاریاں متوقع ہیں۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ڈی جی ایس بی سی اے مقصود عباس کے خلاف بھاری رقوم کے عوض چائنا کٹنگ کے پلاٹس اورغیرقانونی تعمیرات کو ریگولرائز کرنے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ ایس بی سی اے گلبرگ زون کے ڈائریکٹر ندیم انور، اسسٹنٹ شریف سمیت 15اہم افسران کے خلاف تحقیقات آخری مراحل میں ہیں اور کسی وقت بھی ایس بی سی اے کے ڈی جی سمیت اہم افسران کی گرفتاریاں متوقع ہیں۔ آغا مقصود پر لیاری ایکسپریس وے ریسیٹلمنٹ پراجیکٹ (ایل ای آرپی)میں بڑے پیمانے پر کرپشن، غیر قانونی سرگرمیوں اور کمرشل، رفاعی پلاٹوں کو غیر قانونی طریقوں سے تبدیل و الاٹ کرنے کے بھی الزامات ہیں جس پر نیب نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ بھی سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرادی ہے ۔ واضح رہے کہ ایس بی سی اے کے سابق ڈی جی منظور کاکا کرپشن کے کئی مقدمات میں ملوث ہونے کے سبب مفرور ہیں مگر وہ اب بھی اتھارٹی کے پے رول پر ہیں اور اپنی تنخواہ باقاعدگی سے وصول کر رہے ہیں۔ آغا مقصود عباس گریڈ 20کے افسر ہیں اور ادارے کے ڈائریکٹر تھے جنہیں کاکا کی مفروری کے بعد ایڈیشنل ڈی جی کا چارج بھی دیا گیا جبکہ ڈی جی کی پوسٹ کیلئے 21 گریڈ کا افسر ہونا لازمی ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.