رجب طیب اور پیوٹن کا اہم معاملے پر اتفاق

انقرہ جد ت ویب ڈیسک روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور ان کے ترک ہم منصب رجب طیب اردوآن نے شام میں سیاسی عمل آگے بڑھانے کے لیے کوششیں جاری رکھنے سے اتفاق کیا ہے۔العربیہ ٹی ویکے مطابق ترکی کے دورے کے دوران گذشتہ روز صدر پیوٹن نے ترک صدر اردوآن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں شام کا بحران زیربحث رہنے والا سب سے اہم موضوع تھا۔ دونوں رہنماؤں نے شام کے بحران کے سیاسی حل کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شام میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے تمام شرائط پوری ہیں۔صدر پیوٹن نے کہا کہ شام میں سامنے آنے والے مثبت نتائج سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بہت گہرا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے شام میں متحارب فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور محفوظ زون کے حدود میں مزید توسیع پر بھی زور دیا۔ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں صدر اردوآن نے کہا کہ شام میں دیر پا سیاسی حل کے لیے روس کا تعاون درکار ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں شام کی موجودہ صورت حال بالخصوص ادلب میں کشیدگی کم کرنے پر بات چیت کی گئی ہے۔عراق کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ترک صدر کا کہنا تھا کہ صوبہ کردستان میں آزادی ریفرنڈم کا انعقاد بہت بڑی غلطی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس اور ترکی دونوں عراق کی وحدت کے پر زور حامی ہیں۔اردوآن کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت عراق کے صوبہ کردستان کو کسی اور بڑی غلطی کے ارتکاب سے روکے گی۔ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ صدر اردوآن نے کہا کہ عنقریب ترکی اور روس کے درمیان تعلقات میں مزید غیرمعمولی پیش رفت آئے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.