//

کچی سبزیاں کھانے کےکرشماتی فوائد

ویب ڈیسک :عجیب سی بات ہے کہ کچی سبزیاں ذوق و شوق سے کھانے والے اپنی اس عادت کا اعتراف کرنے سے ہچکچاتے ہیں۔ بیشک کچھ سبزیوں کو کچا کھانے میں ان کا ذائقہ اچھا نہیں لگتا مگر صحت پر ان کے دیرپا اثرات رہتے ہیں، خاص طور پر یہ نظام ہاضمہ کے لیے انتہائی مفید ہوتی ہیں۔ یہ بات بھی مسلّمہ ہے کہ ہاضمہ ٹھیک ہوتا ہے تو صحت بھی ٹھیک رہتی ہے۔

موسمی سلاد

سلاد، پیاز، ٹماٹر اور پودینہ کو کاٹ کر ان میں نمک اور سیاہ مرچ کا پائوڈر شامل کریں اور مناسب سمجھیں تو اس پر لیموں کا رس ڈا لیں‘ بہت لذیذ مرکب بن جائے گا۔

کھیرا

کھیرے کے باریک باریک قتلے کاٹ لیں، اس میں ابلے ہوئے آلو، ٹماٹر، سبز پودینہ شامل کر لیں اور نمک ومرچ سیاہ چھڑک کر اس میں لیموں کا رس حسب ذائقہ نچوڑ لیں، بہت خوش ذائقہ ہو گا کیونکہ ایسے لوازمات سے کھانا زیادہ کھایا جاتا ہے اور جلد ہضم ہو جاتا ہے۔

مولی

مولی کو کدوکش کر لیا جائے پھر اس میں مولی کے پتے، پیاز اور ٹماٹر کاٹ کر شامل کر لیں، اس پر نمک اور سیاہ مرچ پسی ہوئی ڈال کر کھائیں‘ بہت طاقتور اور ہاضم چیز ہے۔ان اشیا کو روٹی سے کھائیں اگر چاہیں تو ان میں بعض موسمی پھل بھی شامل کر لیں اگر کوئی آدمی دو تین ماہ کچی سبزیوں اور پھلوں کا استعمال کرے تو اس کے جسم میں غیر معمولی چستی، پھرتی اور طاقت رونما ہو جائے گی اور جسم کے اندر جس قدر زہریلے اور گندے مادے ہوں، نکل جائینگے اور تندرستی اور توانائی عود کر آئے گی۔

لیموں کی افادیت

اگر طبیعت بھاری ہو، متلاتی ہو تو صبح کے وقت ادرک کی ہلکی چائے بنا کر لیموں نچوڑ کر پئیں، بے حد فائدہ ہو گا۔ طبیعت کو فرحت ملے گی۔ لیموں کا اچار بھی بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔ لیموں کی سکنجبین ایک بہترین مشروب ہے۔ موسم برسات اور گرمیوں میں اس کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔ سر میں خشکی ہو تو تل کے ایک پاؤ تیل میں چوتھائی حصہ لیموں کا عرق ملا کر چند دن تک بالوں کی جڑوں میں اچھی طرح لگائیے، خشکی دور ہو جائے گی۔ لیموں کا رس اور آملہ پیس کر بالوں کی جڑوں میں نہانے سے گھنٹہ پہلے لیپ کر لیں۔ اس عمل سے بال لمبے اور چمکیلے ہو جائیں گے۔ یہ سرد تر ہے، حرارت کو تسکین دیتا ہے، طبیعت کی بد اعتدالی کو دور کرکے سکون پیدا کرتا ہے۔ پیاس بجھاتا ہے، مقوی معدہ ہے، قے کو بند، متلی کو دور کرتا ہے۔

کچی پیاز

کچی پیاز کھانے کے بھی بہت سے فوائد ہیں ۔ سلاد میں پیاز کا استعمال کثرت سے کیا جاتا ہے ۔ اس کا جوشاندہ تقطیر البول میں نافع ہے۔ برسات کے موسم میں اس کا استعمال موسمی بیماریوں کیلئے بڑا مفید ہے۔ اس کا اچار کھانے سے ریاح کو بے حد فائدہ پہنچتا ہے۔ یہ تلی کے ورم کا بڑا علاج ہے۔ غذا میں اس کے استعمال سے آنکھوں کی بیماریوں میں افاقہ ہوتا ہے۔ ہیضہ میں نافع ہے۔

لہسن

ایک اور اہم سبزی لہسن ہے جسے خام حالت میں کھانے سے دل کی شریانوں میں خون کی روانی بہتر ہوتی ہے۔پولیو ‘ آنتوں کے امراض ‘ جسمانی کیڑوں‘ امراض جلد‘ پھوڑے تبخیر ‘ نظام تنفس کی جراثیم زدگی اور فشار الدم جیسے امراض میں مفید ہے۔ یہ دماغی امراض ‘ دق اور سل کیلئے بھی مفید ہے۔ یہ پیشاب و حیض جاری کرتا اور آواز کو صاف کرتا ہے۔ امراض دمہ‘فالج‘ لقوہ اور رعشہ میں مفید ہے۔

ادرک

اس قیمتی شفاء بخش جڑ کا ذکر اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں بھی فرمایا ہے۔ اس کا طبی نام زنجبیل ہے۔ زنجبیل کو محرک ہاضم ‘ کاسر ریاح، افعال کی بنا پر ضعف اعصاب اور بلغمی عوارضات میں استعمال کیا جاتا ہے۔ لیکن ساتھ ہی آئرن سے بھرپور چقندر کھانا بھی نہ بھولیے، اس میں وٹامن سی بھی ہوتا ہے ، جو آپ کی آنتوں کو آئرن بہتر طور پر جذب کرنے میں مدد کرتاہے۔ اگر آپ کو کچے چقندر پسند نہیں تو اس کے سلائس بنا کر تھوڑا سا نمک اور لیموں کا عرق چھڑک کرایک گھنٹے کیلئے رکھ دیں۔اور اس پر پالک کاٹ کر ڈال دیں۔ اس کے بعد کالی مرچ چھڑک کر تناول فرمائیں ، آپ یقیناً اچھا محسوس کریں گے۔

بند گوبھی اور ہری مرچ

یہ بھی ایک زبردست سبزی ہے۔ بند گوبھی بہت سارے وٹامن گروپس کا بہترین ذریعہ ہے اور قابل ہضم فائبر ز بھی فراہم کرتی ہے۔ ہری مرچ میں موجود وٹامن سی ، گوبھی سے حاصل ہونیو الے منرلز کو ہضم کرنے کے عمل میں تیزی لاتی ہے۔ اس کے علاوہ ہری مرچ ذائقہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ آپ کو پوٹاشیم، مینگنیز اور دیگر وٹامنز بھی فراہم کرے گی۔

ٹماٹر

یہ قوت مدافعت بڑھانے والے وٹامنزسے بھرپور ہوتا ہے۔ٹماٹر اور شملہ مرچوں کے امتزاج میں پریسلے کے تازہ پتے ملا لیں،جو کیلشیم اور وٹامن ڈی سے بھرپور ہوتے ہیں یا ا س کے متبادل کے طورپر تازہ دھنیا چھڑک لیں، جس میں اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیت ہوتی ہے اور یہ مرچوں سے حاصل شدہ وٹامنز کو مکمل بنا دیتاہے۔

گاجر

گاجر کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ اس میں وٹامن کثرت سے ہوتا ہے جو کہ آنکھوں کی صحت کیلئے بہت فائدہ مند ہے ۔گاجر بینائی بہتر کرتی ہے۔ اس کے ساتھ آپ مولی کے پتے اور ایواکاڈو کے سلائس بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ مولی کی ہاضمہ بہتر کرنے کی قابلیت آپ کے جسم میں گاجر ہضم کرنے کے عمل کو تیز اور بہتر کرتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.